اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی جس کے بعد ان کی اڈیالہ جیل سے جلد رہائی کا امکان ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بشریٰ بی بی کے 10 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں جمع کرائے گئے اور ان کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی۔ بشریٰ بی بی کا ضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے جمع کرایا۔ اس سے پہلے 3 بار غلط روبکار بنانے کی وجہ سے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی رہائی تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔ یاد رہے کہ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت 10،10 لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کی عوض منظور کی تھی، تاہم روبکار جاری نہ ہونے کے باعث ان کی رہائی نہیں ہوسکی تھی۔
Discussion about this post