سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کے واقعے سے متعلق پاکستان ہائی کمیشن نے کسی کو نامزد کیے بغیر باضابطہ شکایت درج کرادی۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کی ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان پر حملے سے آگاہ ہیں۔ میٹ پولیس کے مطابق یہ واقعہ سٹی آف لندن میں پیش آیا جہاں کی پولیسنگ سٹی آف لندن کے ذمہ ہے۔ اُدھر پاکستانی حکام نے حملے میں ملوث 23 افراد کی نشاندہی کرکے ان کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے ہیں۔ پاکستانی حکام حملے پر اکسانے میں ملوث 6 افراد کے خلاف مذید سخت اقدام بھی کررہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ لندن میں ہونے والے احتجاج اور سابق چیف جسٹس کی گاڑی پر دھاوا بولنے کے الزام میں 23 پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ معطل کر کے اُن کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں ڈال دیے گئے ہیں۔تمام افراد کی حوالگی کے لیے برطانوی حکام کو خط بھی لکھا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نادرا کی مدد سے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ہنگامہ آرائی میں ملوث پاکستانی شہریوں کی شناخت کرتے ہوئے اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے۔پاسپورٹ حکام کے مطابق جن پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان میں سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری، زلفی بخاری اور اظہر مشوانی بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی تھی۔
Discussion about this post