عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق معاشی امور پر پاکستانی حکام سے بات چیت مثبت رہی۔ پاکستان سے 12 تا 15 نومبر تک مشن چیف کی سربراہی میں مذاکرات ہوئے، وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومتوں سے بھی بات چیت ہوئی اور مذاکرات میں نجی شعبوں کے نمائندوں سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کے مشن چیف نیتھن پورٹر کا کہنا ہے کہ حالیہ بات چیت آئی ایم ایف کی ششماہی جائزہ کے لیے کی گئی جس میں معاشی اصلاحات، پالیسیز، معاشی ترقی کےلیے حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئی ایم ایف کا وفد 2025کی پہلی سہ ماہی میں دوبارہ پاکستان آئے گا۔حکومت ٹیکس نہ دینے والے شعبوں سے ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، کئی شعبہ جات میں حکومت کا حصہ محدود کرنے کی ضرورت ہے۔اعلامیہ کے مطابق مذاکرات کے لیے پاکستانی حکام کا رویہ حوصلہ افزا اور معاون تھا، پاکستانی حکام سے مذاکرات پر ایگزیکٹو بورڈ کو آگاہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ مشن چیف کی سربراہی میں آئی ایم ایف کے وفد نے 5 روز تک پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت کی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے آئی ایم ایف مشن نے الوداعی ملاقات بھی کرلی ہے۔
Discussion about this post