پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کردی، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل پار کرلیا۔ بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1210 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کر گیا۔ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل پار کیا ہے۔ پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کے نتیجے میں سیاسی بےیقینی میں کمی کے بعد بدھ کو 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی روز میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنے پر پوری قوم کو مبارک باد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔
Discussion about this post