چینی خاتون کا منفرد اعزاز، مسلسل 8 گھنٹے بنا موبائل فون کے گزار کر مختلف اور منفرد مقابلے میں ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا انعام جیت لیا۔ چونگ کنگ سے تعلق رکھنے والی سیلز منیجر ڈونگ نے اپنی سکون پسندی اور ڈیجیٹل ڈسٹرکشن سے دوری کی صلاحیت سے ججوں کو متاثر کیا۔یہ منفرد مقابلہ 29 نومبر کو ایک شاپنگ مال میں منعقد ہوا، جس کا اہتمام ایک میٹریس اور بیڈنگ اسٹور نے کیا تھا تاکہ اسکرین ٹائم کو کم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ 100 سے زائد امیدواروں میں سے منتخب کیے گئے 10 شرکاء کو 8 گھنٹے بستر پر گزارنے تھے، جہاں موبائل فون، لیپ ٹاپ یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال کی اجازت نہیں تھی۔ شرکاء نے اپنے موبائل فونز منتظمین کے حوالے کر دیے اور ہنگامی حالات کے لیے صرف کال کرنے والے بنیادی موبائل فونز فراہم کیے گئے۔ تمام کھانے اور مشروبات بستر پر ہی استعمال کرنا لازمی تھا، جبکہ واش روم بریک صرف 5 منٹ کے لیے محدود تھی۔ گہری نیند یا بےچینی سے بچنے کے لیے شرکاء کی نیند کے معیار اور جذباتی حالت کی نگرانی کے لیے کلائی کے پٹے استعمال کیے گئے۔ڈونگ نے 100 میں سے 88.99 کا اسکور حاصل کر کے مقابلہ جیت لیا۔
انہوں نے سب سے کم بےچینی اور قواعد کی مکمل پاسداری کے ساتھ سب سے زیادہ وقت بستر پر گزارا۔ ڈونگ نے اپنی کامیابی کا راز اپنی طرز زندگی کو قرار دیا، انہوں نے کہا کہ وہ بلاوجہ موبائل فون استعمال نہیں کرتیں اور اپنے فارغ وقت میں اپنے بچے کو پڑھاتی ہیں۔ یہ مقابلہ چین میں اسکرین ٹائم کم کرنے کی حوصلہ افزائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا حصہ ہے۔ اس سے قبل، ایک چینی پی ایچ ڈی طالب علم نے 24 صوبوں میں 134 دن بغیر کسی الیکٹرانک ڈیوائس کے سفر کر کے توجہ حاصل کی تھی۔
Discussion about this post