وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے اکیڈمی، ہاسٹل اور میس کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیرِ تربیت افسران کو فراہم کردہ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے زیرِ تربیت افسران سے ملاقات بھی کی اور سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیمِ نو کے حوالے سے اجلاس بھی طلب کر لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کا اعلان بھی کیا۔ محسن نقوی کہتے ہیں کہ ماسٹر پلان طلب کررہے ہیں اور سب سے پہلے بین الاقوامی معیار کے کنسلٹنٹ سے این پی اے کا نیا ماسٹر پلان تیار کروایا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے 25 کروڑ روپے کا چیک جلد این پی اے کے حوالے کر دیا جائے گا۔ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تعمیر نو کے کام کو 3 ماہ میں مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرح بہترین افسران تعینات کیے جائیں گے۔
Discussion about this post