وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جمعے سے پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے، نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ 3 نئے ریجنل سینٹر آزاد کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے۔ نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فراڈیے جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے، شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر کے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی، وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ نے جعل ساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔نادرا دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ان عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے، نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی، ب فارم، ایف آر سی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں، شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔
Discussion about this post