سی پیک کوریڈور کے اہم منصوبے نیو گوادر ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا گیا جس کے لیے کراچی سے پہلی پرواز ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر خواجہ آصف اور چین کی اہم شخصیات نے مسافروں کا استقبال کیا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 503 پہلی پرواز ہے جس نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔اس موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب بھی ہوئی۔ فلائٹ ریڈار پر نیو گوادر ایئر پورٹ کے مقام کو ٹیگ کیا گیا، اس کے ساتھ ہی فلائٹ ریڈار پر پرانے گوادر ایئر پورٹ کے مقام سے ایئر پورٹ ٹیگ ہٹا دیا گیا ہے۔ گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ رقبے کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا ایئر پورٹ ہے جو 430 ایکڑ پر گوادر شہر سے 26 کلومیٹر دور گورنڈانی کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔ اس پورٹ کا ایک ہی رن وے 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے جس میں بڑے ہوائی جہاز کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہے۔ لگ بھگ 50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ گوادر ایئرپورٹ پر ایئر بس اے 380 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے۔
Discussion about this post