گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایک فیصد کمی کے بعد شرح سود 12 فیصد ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے 6 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ 1.2 ارب ڈالر سرپلس رہا، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ 1.4 ارب ڈالر کے خسارے سے دو چار تھا، اس سے ہمیں زر مبادلہ ذخائر بہتر بنانے میں مدد ملی۔ افراط زر پچھلے کچھ ماہ کے دوران بہت تیزی سے نیچے آئی ہے، بالخصوص گزشتہ سال کی بلند ترین سطح پر یہ دسمبر میں 4.1 کی نچلی سطح پر آگئی، اسٹیٹ بینک کو ان عوامل کی وجہ سے مارکیٹ انٹروینشن کرنے کا موقع ملا، رواں ماہ بھی افراط زر میں مزید کمی کی توقع کی جارہی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق غیر ملکی ترسیلات زر اور برآمدات کے اعداد و شمار بھی مثبت آر ہے ہیں، ہماری مہنگائی کی اسیسمنٹ 11.5 سے 12 فیصد تھی، سپلائی سائیڈ کے مسائل کم ہونے سمیت دیگر عوامل کی وجہ سے افراط زر تیزی سے کم ہوئی ہے، مالی سال 2025 کی مکمل افراط زر ساڑھے 5 سے ساڑھے 7 فیصد رہے گی۔
Discussion about this post