امریکا سے آئی خاتون نے سماجی تنظیم چھیپا میں پناہ لے لی ہے۔ اس سلسلے میں امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس نے رمضان چھیپا کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کی۔ نوجوان کی محبت میں کراچی آئی امریکی خاتون نے واپس جانے کے حوالے سے اپنی شرط پیش کر دی۔ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ شوہر کو تلاش کر رہی ہوں، اپنے شوہر کے ساتھ دبئی چلی جاؤں گی۔ امریکی خاتون نے ایک لاکھ روپے کا حکومت سے مطالبہ بھی کردیا ہے۔ اس سے قبل امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کو واپس بھیجنے کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد اب وہ چھیپا سینٹر میں ہیں۔ رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون ٹیپو سلطان تھانے میں تھیں، ان کی طبیعت آرام نہ کرنے کے باعث خراب ہے، خاتون کے رہنے کا انتظام کیا ہے، خاتون میری بہن ہیں، جب تک چاہیں یہاں رہ سکتی ہیں۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں۔ جس لڑکے سے شادی کرنے یہ امریکی خاتون آئی ہیں اس کو مخاطب کر کے رمضان چھیپا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نوجوان لڑکے سے کہوں گا کہ وہ آئے اور مسئلہ حل کرے۔ خاتون کا دعویٰ ہے کہ ان کی کراچی سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان سے آن لائن شادی ہوچکی ہے اور وہ گزشتہ برس 11 اکتوبر سے کراچی میں ہیں اور امریکا واپس جانے سے انکار کر رہی ہیں۔ امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے امریکا میں بیٹے جیرامیا اینڈریو رابنسن نے ویڈیو بیان میں انکشاف کیا ہے کہ والدہ اونیجا اینڈریو رابنسن کو ذہنی مریضہ ہیں۔ اس حوالے سے بیٹے کا ویڈیو بیان، برتھ سرٹیفکیٹ، سوشل سیکیورٹی کارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ امریکی خاتون کے بیٹے نے کہا ہے کہ والدہ نے 2 ہفتے کے بعد واپس آنا تھا لیکن وہ نہیں آئیں، میں نے والدہ کو واپس آنے کے لیے منانے کی بھی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہا۔ بھائی اور میں نے ان کی واپسی کا ٹکٹ بھی کرایا تھا، والدہ ذہنی مریضہ ہیں، ان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہے۔
Discussion about this post