مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی 13 نعشوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ نعشوں کی شناخت کے عمل کے دوران 13 کا تعلق پاکستان سے ثابت ہوا۔ 15 جنوری کو کشتی واقعہ میں 44 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات تھیں، لیکن مقامی حکام کو صرف 13 نعشیں ہی ملیں۔ ذرائع پاکستانی سفارت خانہ مراکش کے مطابق میتوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔ فنگر پرنٹ اور تصاویر نادرا کو بھجوائی گئیں تھیں۔ نادرا کی جانب سے تصدیقی عمل کے مکمل ہونے کے بعد فہرستیں مرتب کی گئی ہیں۔ ملنے والی نعشیں ناقابل شناخت اور بغیر دستاویز تھیں۔ شناخت کے بعد جلد ان ملنے والے 13 پاکستانیوں کی نعشوں کی وطن واپسی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ جنوری میں مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے افراد کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 50 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔
Discussion about this post