وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر منگل کو وزیراعظم شہباز شریف سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان کے جاری آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میکرو استحکام سے دیرپا ترقی اور خوشحالی کے سفر پر آئی ایم ایف کی مدد کی قدر کرتے ہیں۔ ملاقات کے دوران ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا گیا، جو کہ پاکستان کے معاشی استحکام کی بحالی اور ملک میں پائیدار ترقی و مستقبل کیلئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔
Discussion about this post