انگلینڈ کے کاؤنٹی آکسفورڈ شائر کے بلینہیم پیلس سے چوروں نے خالص سونے سے بنا ٹوائلٹ چوری کر لیا۔ جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں ایک ارب 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔ چوروں نے 98 کلو گرام وزنی سونے کا ٹوائلٹ 5 منٹ کے اندر اندر چوری کیا۔ چوری کے الزام میں 3 ملزموں کو عدالت میں پیش کیا گیا جنہوں نے جرم ماننے سے انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوائلٹ کو 2019 میں ایک نمائش کے دوران چرایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ہتھوڑوں سے محل کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور ٹوائلٹ چرا کا ساتھ لے گئے۔ یہ ٹوائلٹ، جو اطالوی آرٹسٹ ماریزیو کیٹیلان کا ایک فن پارہ تھا، بلین ہیم پیلس میں نمائش کے دوران مکمل طور پر فعال تھا۔ یہ وہی محل ہے جہاں سر ونسٹن چرچل کی پیدائش ہوئی تھی۔
18 قیراط خالص سونے سے بنا یہ ٹوائلٹ، جس کا نام "امریکہ” تھا، تقریباً 98 کلو وزنی تھا اور اسے 6 ملین ڈالر (4.75 ملین پاؤنڈ) کی رقم پر انشورنس کیا گیا تھا۔
چوری کے وقت اس میں موجود سونے کی قیمت تقریباً 2.8 ملین پاؤنڈ تھی۔ وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ چوری نہایت محتاط منصوبہ بندی کے تحت کی گئی اور انتہائی تیزی سے مکمل کی گئی۔ چور، جن کی تعداد پانچ بتائی جاتی ہے، صبح 5 بجے سے کچھ پہلے بلین ہیم پیلس میں دو چوری شدہ گاڑیوں – ایک ازوزو ٹرک اور وی ڈبلیو گولف میں پہنچے۔ چوروں نے بند لکڑی کے دروازوں کو توڑ کر پیلس میں داخلہ کیا، میدان عبور کر کے مرکزی دروازے تک پہنچے، اور کھڑکی کے ذریعے اندر داخل ہوئے۔ انہیں پہلے سے معلوم تھا کہ ٹوائلٹ کہاں موجود ہے۔ انہوں نے بیت الخلا کے دروازے کو توڑا، ٹوائلٹ کو نکالا، جس کے نتیجے میں پانی کے پائپ ٹوٹ گئے اور پانی بہنا شروع ہو گیا، اور پھر فرار ہو گئے۔ یہ تمام کارروائی صرف پانچ منٹ میں مکمل کی گئی۔
Discussion about this post