آج سپریم کورٹ میں 9 مئی کے واقعات کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے پنجاب حکومت کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کہا کہ تمام مقدمات کی سماعت اب عید کے بعد ہی ہو گی۔ اس موقع پر ذوالفقار نقوی نے دوران سماعت کہا پنجاب حکومت نے انہیں 9 مئی کے مقدمات میں وکیل مقرر کیا ہے، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ تیاری کے لیے وقت دیا جائے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ 9 مئی کے مقدمات تو کل اور پرسوں بھی مقرر ہیں، گزشتہ سماعتوں پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر پیش ہو کر وقت مانگتے رہے ہیں، آج آپ وقت مانگ رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا، یہ کوئی ایک کیس نہیں 50 کے قریب اپیلیں ہیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ کچھ اپیلیں کیس منتقلی سے متعلق بھی ہیں، مگر کیس منتقلی کا معاملہ ختم ہو چکا ہے اس پر حکومت سے ہدایات لے لیں۔ ذوالفقار نقوی نے عدالت کو بتایا کہ جج کا تبادلہ ہو چکا ہے صرف جرمانے اور کچھ آبزرویشنز کی حد تک اپیل کی پیروی کریں گے۔یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 9 مئی کے ملزمان کی ضمانتیں منظور کی تھیں۔ پنجاب حکومت نے ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
Discussion about this post