سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ثقافتی تقریبات کے انعقاد کے لیے سفارت خانے کے وسائل استعمال کرنے کی دعوت دی اور بیرون ملک پاکستانی ثقافتی ورثے کے فروغ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ پاکستانی سفیر نے ورجینیا کے شہر ووڈبرج میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی، جو معروف شاعر اسداللہ خان غالب کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔ یہ تقریب بزمِ حرف و سخن کے زیرِ اہتمام ہوئی، جس میں معروف ادبی شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے غالب کے گہرے شعری افکار اور ان کے لازوال ادبی ورثے پر روشنی ڈالی اور ان کے فن کے تحفظ و ترویج کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی سفیر نے ٹیکنالوجی کے ذریعے اردو زبان اور ثقافتی ورثے کے فروغ اور تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو ہماری قومی شناخت کا لازمی حصہ ہے اور اس کی ترویج سے پاکستانی تشخص مزید مضبوط ہوگا۔ عوامی سفارت کاری کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر پاکستان نے سفارت خانے میں ہونے والی اسلامی خطاطی کی نمائش کا ذکر کیا، جس کا مقصد پاکستانی فن و ادب کو عالمی سطح پر متعارف کرانا تھا۔
سفیر پاکستان نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اردو زبان کے فروغ اور ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستانی سفیر نے ڈاکٹر عارف محمود اور بزمِ حرف و سخن کے عہدیداران کی انتھک محنت اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو بھی اعزازات سے نوازا۔
Discussion about this post