ایف آئی اے نے ماڈل واداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کو جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع جنوبی کراچی کی عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر ایف آئی اے کی جانب سے عدالت سے ملزم کے 11 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور موقف اپنایا کہ ملزم پر کروڑوں روپے فراڈ کا الزام ہے جس پر ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق فراڈ میں ملوث مزید لوگوں کو گرفتار کرنا ہے۔ عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کردی جب کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ یاد رہے کہ عاطف محمد خان کو نجی بینک سیکیورٹیز کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے بینک کے 80 کروڑ روپے کا غلط استعمال کرکے ذاتی کاروبار کے لیے 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز تیسری پارٹی سے وصول کیے اور وصول شدہ رقم پر کمپنی کے ہی پیسوں سے بھاری منافع بھی ادا کیا۔
نادیہ حسین نے کیریئر کے عروج پر 2003 میں عاطف محمد خان سے شادی کی تھی۔ نادیہ حسین نے 54 کروڑ روپے کے فراڈ کے کیس میں ملوث شوہر کی گرفتار کے بعد سوشل میڈیا پر مبہم پوسٹ شیئر کی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ تاریکی میں روشنی زیادہ نمایاں ہوتی ہے اور میں وہ روشنی ہوں۔
Discussion about this post