پاکستانی امریکن کمیونٹی نے یومِ پاکستان بھرپور جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر ایک باوقار اور شاندار تقریب پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے زیرِ اہتمام پاکستان سینٹر میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے دوران، پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر سراج نارسی اور جنرل سیکریٹری عامر زیدی کے ہمراہ سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں اور ممتاز کمیونٹی شخصیات نے بھی شرکت کی، جس سے حب الوطنی اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ ہوا۔ پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر صدر سراج نارسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن کے مثبت تشخص کو فروغ دینے اور اس کی ترقی و استحکام میں بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ یہ تقریب سمندر پار پاکستانیوں کے اپنے وطن سے گہرے رشتے اور پاکستان کی ترقی میں ان کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کا مظہر تھی۔
Discussion about this post