امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی بانی اور چیئرپرسن بازہ روحی کو خواتین اور اقلیتی حقوق کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں "لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ ایک باوقار تقریب میں بروکلین بورو ہال میں پیش کیا گیا، جس کی میزبانی پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز اور بروکلین بورو کے صدر انتونیو رینوسو نے کی۔ اس موقع پر نیویارک سٹی کی اسپیکر ایڈرئین ایڈمز نے بھی خصوصی شرکت کی اور بازہ روحی کی سماجی خدمات کو سراہا۔ بازہ روحی نے کئی دہائیوں تک اقلیتی برادریوں کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کی ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔
امریکن کونسل آف مینارٹی کے تحت انہوں نے ایسی مؤثر مہمات چلائیں جو شمولیت، تعلیم، اور مساوی مواقع کو فروغ دینے کے لیے وقف ہیں۔ ایوارڈ وصول کرنے کے موقع پر، بازہ روحی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اسٹیج پر کھڑے ہو کر، یہ ایوارڈ اپنے ہاتھوں میں تھامے، میں نے جذبات کے ایک طوفان کو محسوس کیا ۔ فخر، شکرگزاری، عاجزی، اور کچھ حد تک حیرت بھی۔ لائف ٹائم اچیومنٹ یہ الفاظ ان دہائیوں کی محنت، استقامت، اور ان گنت لمحوں کے وزن کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں، جن میں کبھی شک تو کبھی کامیابی کا احساس غالب رہا۔ یہ اعزاز بازہ روحی کی جدوجہد میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ یہ اس بات کی بھی یاد دہانی ہے کہ مساوات، انصاف، اور بااختیار بنانے کی جدوجہد ابھی جاری ہے۔
Discussion about this post