یہ تو کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں کہ دور حاضر کے فوٹو گرافر بہترین عکاسی کے لیے جان پر کھیل جاتے ہیں۔ کچھ ایسے ہوتے ہیں جو نئے زاویے سے عکاسی کرنے کی دھن میں اس قدر مگن ہوجاتے ہیں کہ آس پاس کے ماحول کا بھی خیال نہیں رکھتے۔ اب اس ساری کاوشوں کے نتیجے میں فوٹو گرافی ان کے لیے واقعی امتحان بن جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ جسے چند گھنٹوں میں لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں۔
ایسا کیا ہوا جو توجہ کا مرکز بن گیا
قصہ ہے بھارتی سکھ جوڑے کی شادی کا، جب جذباتی فوٹوگرافر بہترین سے بہترین اینگل کی تلاش میں مگن تھا۔ جوڑا شادی بیاہ کے مدھر اور رسیلے گانوں کی گونج میں پراعتماد انداز میں دھیرے دھیرے قدم بڑھاتا ہوا آگے بڑھ رہا تھا۔ ادھر فوٹو گرافر بھی ان کی زندگی کے یادگار لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرنے کے لیے بے تاب تھا۔ سکھ جوڑے کے مقابل کھڑا یہ فوٹو گرافر بڑی مہارت سے ایک ایک اینگل کی عکاسی کر رہا تھا اور اس لگن اور مگن میں وہ یہ بھول بیٹھا کہ اس کے عقب میں سوئمنگ پول ہے۔ پیر کا توازن ایسا بگڑا کہ دیکھتے ہی دیکھتے سوئمنگ پول میں گر کر پانی پانی ہوگیا۔ دلہن کا تو منہ کھلا کا کھلا رہ گیا جب کہ دلہے راجا جو ہاتھوں میں تلوار تھامے خراماں خراماں چل رہے تھے، ان کی تو کچھ سمجھ نہیں آیا۔ باراتیوں نے فوٹو گرافر کو مزید ڈوبنے سے بچانے کے لیے جھٹ پٹ دبوچ کر سوئمنگ پول سے باہر نکالا۔
واقعہ کہاں پیش آیا؟
یہ ساری جلد بازی اور مہارت دکھانے والا فوٹو گرافر ’اپرینا اسٹوڈیو‘ کا ہے، جو امریکا کا بہترین فوٹو گرافی اسٹوڈیو تصور کیا جاتا ہے۔ یہ بھارتی نژاد امریکیوں کی شادیوں میں بطور خاص مدعو کیا جاتا ہے، جس کے عوض یہ اسٹوڈیو بھاری معاوضہ طلب کرتا ہے۔ عام طور پر ان کے صارفین کی تعداد کروڑ پتی بھارتی تاجر شخصیات ہوتی ہیں۔ اس تناظر میں قوی امکان ہے کہ یہ دلچسپ واقعہ امریکا میں ہی پیش آیا ہو۔
ویڈیو کیسے وائرل ہوئی؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ خود ’اپرینا اسٹوڈیو‘ نے اس ویڈیو کو اپنے انسٹا گرام پر اپ لوڈ کیا، جس کے نتیجے میں چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں یوزر اس چٹ پٹے حادثے کا نظارہ کرچکے ہیں۔ کچھ نے فوٹو گرافر کی ہوشیاری پر طنزیہ جملوں کی بھرمار کی تو کچھ صارفین ان کے فن کے مداح بن گئے، لیکن ان سب کے باوجود کمال کی بات یہ ہے کہ متعلقہ فوٹو گرافر ایک بار پھر اُس کام میں مصروف ہوگیا ہے، جس کے لیے اس کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
Discussion about this post