میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ہزار سے تجاوز کر گئی، جب امدادی کارکنوں نے ملبے کو کھود کر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ جمعہ کو وسطی میانمار کے شہر ساگانگ کے شمال مغرب میں 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے چند منٹ بعد ہی 6.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلے سے میانمار کے مختلف علاقوں میں عمارتیں تباہ ہوئیں، پُل اور سڑکیں منہدم ہو گئیں، جب کہ ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈلے میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی گئی۔ حکومت کے مطابق میانمار میں کم از کم 1002 افراد ہلاک اور 2 ہزار 400 کے قریب زخمی ہوئے ہیں، بنکاک میں مزید 10 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مواصلات بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے الگ تھلگ ریاست سے تباہی کے حقیقی اعداد و شمار ابھی تک سامنے نہیں آئے، اور ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب امریکی ماہرین ارضیات کے مطابق یہ ایک صدی سے زائد عرصے میں میانمار میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ تھا ۔
Discussion about this post