امریکا کے 2 اعلیٰ سطح کے وفود آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے جو اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں پاک-امریکا انسداد دہشت گردی میں تعاون سمیت اہم امور پر بات چیت ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا وفد امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر اہلکار برائے جنوب اور وسط ایشیائی امور ایریک مئیر کی قیادت میں 8 سے 10 اپریل تک دورہ کرے گا، اس دوران وفد دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر گفتگو کرے گا۔

10 سے 15 اپریل تک دورہ کرنے والا دوسرا وفد امریکی کانگریس اراکین پر مشتمل ہو گا، دورے میں معیشت، تجارت، دفاعی، عسکری تعلقات اور تعلیم جیسے اہم امور ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔ کانگریسی وفد کے دورے کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے، امریکی کانگریس رکن جنرل جیک برگمین اور ٹام سوزی وفد کی قیادت کریں گے۔ کانگریسی وفد وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقات کرے گا۔
Discussion about this post