نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی پاکستانی امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی کے زیرِ اہتمام پاکستان ورثہ و قراردادِ پاکستان ڈے کی تقریب نیویارک پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، جس میں کمیونٹی کے فخر، ثقافتی ورثے اور عوامی خدمت کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
اس پروقار تقریب میں نیویارک کے میئر، مسٹر ایرک ایڈمز، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار، پولیس کمشنر، ڈپٹی کمشنر سمیت بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکی پولیس افسران، ان کے اہلِ خانہ اور کمیونٹی کے نمایاں افراد شریک ہوئے۔ پاکستان کے قونصل جنرل، عامر احمد اتوزئی نے خطاب کرتے ہوئے نیویارک کے مختلف علاقوں میں امن و امان کے قیام میں پاکستانی نژاد پولیس افسران کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے ان کی عوامی خدمت کے جذبے اور پاکستان میں ان کے فلاحی و انسانی ہمدردی کے کاموں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو ان کی اپنی جڑوں سے وابستگی اور عالمی ذمہ داریوں کے احساس کو ظاہر کرتا ہے۔
قونصل جنرل اتوزئی نے پاکستانی نژاد پولیس افسران کو ” پاکستان کے حقیقی سفیر” قرار دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ان کی یکجہتی، استقامت اور ثقافتی شناخت پر فخر کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ یہ تقریب پاکستانی نژاد امریکیوں کے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر تھی، جہاں ان کی کامیابیوں کو سراہا گیا اور ان کی خدمات کو مختلف کمیونٹیز کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کا ذریعہ قرار دیا گیا۔
Discussion about this post