یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کے اعلان کے مطابق امریکی حکومت نے پاکستان کےلیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام کو اب بند کر دیا ہے۔ فاؤنڈیشن کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے اس کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ اب یہ پروگرام مزید جاری نہیں رہے گا۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اُن ہزاروں طلبا کےلیے مایوسی کا باعث ہوسکتا ہے جنہوں نے رواں سال درخواست دی تھی اور اس موقع کا انتظار کر رہے تھے۔ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی اور اپنی تعلیمی ترقی کےلیے عزم کا مظاہرہ کیا۔ اعلامیے کے آخر میں یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان نے تمام خواہشمند طلبا کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اُن کے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر کےلیے کامیابی کے لیے نیک خواہشات ظاہر کی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران گلوبل پروگرام نے پاکستانی طالب علموں کو امریکہ میں تعلیمی تجربات، ثقافتی تبادلے اور قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی کے مواقع فراہم کیے۔ یہی نہیں اس پروگرام نے طلبا کی شخصی و پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ ساتھ مختلف کمیونٹیز پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے۔ یوگریڈ کے سابق طلبہ مختلف سرکاری، نجی، اور غیر سرکاری تنظیموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ متعدد سابق شرکا نے عالمی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کی اور تعلیمی، تحقیقی اور سماجی خدمات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے غیر ملکی شہریوں کے ویزا پالیسی میں سختی برتی جا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں ویزوں کی منسوخی کے کئی کیسز سامنے آئے ہیں، جس نے بین الاقوامی طلبہ اور گرین کارڈ ہولڈرز میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
گلوبل یوگریڈ پروگرام کے اختتام کو بھی اسی پالیسی تبدیلی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں دیگر تبادلہ پروگرامز کے امکانات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن پاکستان نے ہمیشہ تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 1950 میں قائم ہونے والی یہ دو طرفہ کمیشن، امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف پروگرام چلاتی رہی ہے۔
Discussion about this post