انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی بورڈ نے لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں مرد و خواتین کی 6، 6 کرکٹ ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مردوں اور خواتین دونوں کے کرکٹ ٹورنامنٹس ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ ہر شریک ملک کا 15 رکنی اسکواڈ ہوگا ۔ لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی 1900 کے پیرس اولمپکس کے بعد پہلی بار ہو رہی ہے، جہاں برطانیہ اور فرانس کے درمیان ایک واحد میچ کھیلا گیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ اولمپکس ٹورنامنٹس کے ہر مقابلے کے لیے ٹاپ کی 6 ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا اس لیے افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور دیگر ایسوسی ایٹ ممالک کی موجودگی میں پاکستان کو اپنی رینکنگ بہتر کرنی پڑے گی تاکہ کسی قسم کی الجھن سے بچا جا سکے۔ اس وقت پاکستان مینز ٹیم 7 ویں اور ویمنز ٹیم 8 ویں پوزیشن پر ہے۔ لاس اینجلس 2028 میں کرکٹ کے میچز کہاں کھیلے جائیں گے، اس کا اعلان ابھی باقی ہے۔
Discussion about this post