صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر 14159 کے تحت جمعہ سے نئی امیگریشن ہدایات نافذ العمل ہو گئی ہیں۔ ان قوانین کے مطابق، امریکہ میں مقیم تمام غیر ملکیوں کو حکومت کے ساتھ رجسٹریشن کرانا اور اپنی قانونی امیگریشن حیثیت کا ثبوت ہر وقت ساتھ رکھنا لازم ہوگا۔
تمام غیر شہریوں پر اطلاق، چاہے قانونی حیثیت ہو یا نہ ہو
امریکی محکمہ داخلہ اور یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز نے اعلان کیا ہے کہ یہ قانون 18 سال اور اس سے زائد عمر کے تمام غیر امریکی شہریوں پر لاگو ہوتا ہے، جن میں گرین کارڈ ہولڈرز، طلباء، عارضی ورکرز اور سیاح شامل ہیں۔
بایومیٹرک رجسٹریشن اور نیا فارم جی 325 آر لازمی
یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے مطابق، وہ تمام غیر ملکی جو امریکہ میں 30 دن یا زیادہ عرصے کے لیے قیام کرتے ہیں ان کے لیے لازم ہے کہ :
آن لائن رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔
اگر پہلے فنگر پرنٹس نہیں دیے، تو فنگر پرنٹس کے لیے پیش ہوں۔
نیا فارم جی 325 آر مکمل کر کے جمع کرائیں۔
رجسٹریشن کے بعد امریکی محکمہ داخلہ کی جانب سے رجسٹریشن کا سرکاری ثبوت جاری کیا جائے گا، جسے ہر بالغ غیر ملکی کو ہمہ وقت ساتھ رکھنا ہوگا۔
قانون کی خلاف ورزی پر سزائیں
- جرمانے
- مقدمہ (مِسڈی مینر)
- قید کی سزا
قانون نافذ کرنے والے ادارے، بشمول ٹریفک پولیس، اب کسی بھی وقت رجسٹریشن کا ثبوت طلب کر سکتے ہیں۔
والدین اور سرپرستوں کی ذمہ داریاں
یہ قانون 14 سال سے کم عمر بچوں کے والدین یا قانونی سرپرستوں پر بھی ذمے داری عائد کرتا ہے۔ جب بھی کوئی بچہ 14 سال کا ہوجائے تو 30 روز کے اندر رجسٹریشن اور فنگر پرنٹس کے لیے پیش ہونا ہوگا۔
پرانے قانون کا اب مؤثر نفاذ
یہ نئی ہدایات امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کے سیکشن 262 کے تحت جاری کی گئی ہیں، جو کہ طویل عرصے سے غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کا مطالبہ کرتا تھا، لیکن اس پر مؤثر عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا۔ اب، صدارتی حکم کے تحت اس پر عمل درآمد کو قانونی ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
رجسٹریشن کے لیے نیا آن لائن سسٹم متعارف
ایسے غیر ملکی جو پہلے رجسٹر نہیں ہو سکے، ان کے لیے یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز نے ایک نیا فارمٹ اور آن لائن سسٹم متعارف کرایا ہے تاکہ وہ با آسانی رجسٹریشن مکمل کر کے قانون کی پیروی کر سکیں۔
قانونی ماہرین کی جانب سے سنجیدگی برتنے کی اپیل
امریکن امیگریشن لائرز ایسوسی ایشن نے عوام اور قانونی ماہرین سے کہا ہے کہ وہ اس نئے قانون کو سنجیدگی سے لیں اور اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔“وہ والدین جن کے بچے امریکہ میں غیر امیگرنٹ حیثیت میں ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے بچوں کو 14 سال کی عمر مکمل ہونے کے 30 دن کے اندر رجسٹریشن اور فنگر پرنٹس کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسزکا کہنا ہے کہ وہ اس قانون پر عمل درآمد کے بارے میں عوام اور امیگریشن پروفیشنلز کو باقاعدہ اپ ڈیٹس فراہم کرتا رہے گا۔
Discussion about this post