وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صوبہ سیستان کے علاقے مہرستان میں 8 پاکستانیوں کے بیہمانہ قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ملک کے لیے تباہ کن ہے۔ خطے میں موجود ممالک کو مل کر دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو انکی میتوں کی باحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اُدھر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حقائق کی تصدیق کے بعد تبصرہ کیا جائے گا، ایرانی سرزمین پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے سے باخبر ہیں اور ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جب مکمل حقائق سامنے آئیں گے اور تصدیق شدہ معلومات دستیاب ہوں گی، تو ہم اس پر باقاعدہ تبصرہ کریں گے۔
ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں دہشت گردوں نے 8 پاکستانی شہریوں کو بہیمانہ طریقے سے موت کے گھاٹ اتار دیا، تمام آٹھوں مکینکس کو انہی کے ورکشاپ میں ہاتھ پیر باندھ کر گولیاں ماری گئی تھیں۔ ایران میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے بعد بہاولپور میں مقتولین کے گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی، صدمے سے نڈھال لواحقین نے حکومت سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Discussion about this post