ایک تاریخی اقدام کے تحت وزیرِاعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن کا افتتاح کیا۔ اس اہم تقریب میں دنیا بھر سے 1200 سے زائد پاکستانی تارکین وطن نے شرکت کی، جب کہ وفاقی و صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔ اس کنونشن کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف اور ان کی قربانیوں کو سراہنا تھا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے کلیدی خطاب میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک جامع فلاحی پیکیج کا اعلان کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستانی ڈائسپورہ کو "برین گین” قرار دیتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ یہ تاریخی موقع بیرونِ ملک پاکستانیوں کے ساتھ تعلقات کو از سر نو استوار کرنے کے عزم کی علامت ہے۔
ہیوسٹن وفد کو بھرپور خراجِ تحسین
ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن سے آئے وفد کو کنونشن میں خصوصی طور پر سراہا گیا۔ وفد میں شامل معروف کمیونٹی اور سماجی رہنما محمد سعید شیخ نے پُرجوش خطاب کیا۔ انہوں نے او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے بالآخر اوورسیز پاکستانیوں کو وہ توجہ دی جس کے وہ حقدار ہیں۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محمد سعید شیخ کا کہنا تھاکہ چالیس سال سے زائد عرصے سے پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں، لیکن آج پہلی بار ایسا محسوس ہوا کہ ہماری قربانیوں اور خدمات کو قومی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ یہ کوئی معمولی اجتماع نہیں، بلکہ ایک تاریخی موڑ ہے۔ بہت عرصے تک ہمیں صرف قیمی اثاثہ سمجھا جاتا رہا، لیکن یہ کنونشن ثابت کرتا ہے کہ ہمیں اب ایک قومی معمار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان کی ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد کی اپیل
محمد سعید شیخ نے کنونشن کو "پاکستان کے لیے ایک منی اقوامِ متحدہ کا اجلاس” قرار دیا، جو دنیا بھر سے آوازوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر رہا ہے، صرف ایک مقصد کے لیے پاکستان ترقی۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ممالک میں ایک نئے جذبے کے ساتھ واپس جائیں اور پاکستان کی قیادت کی جانب سے دی گئی معاشی ترجیحات کو فعال طور پر سپورٹ کریں۔ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے محبوب آواز محمد سعید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ یہ موقع صرف ایک بار کا واقعہ نہ ہو، بلکہ ایک نئے دور کا آغاز ہو جہاں اوورسیز پاکستانی صرف معاون نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے برابر کے شراکت دار ہوں۔ پاکستان سرمایہ کاری، تجارت، اور تبدیلی کے لیے تیار ہے۔ آئیے اس پیغام کے سفیر بنیں اور قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیراعظم کی جانب سے عشائیہ اور باہمی روابط کی مضبوطی
اوورسیز مہمانوں کے اعزاز میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایک پرتکلف عشائیہ دیا، جس کا مقصد باہمی تعلقات کو مضبوط کرنا، گفت و شنید کے مواقع پیدا کرنا اور مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرنا تھا۔ ہیوسٹن سے آنے والے وفد میں سرِفہرست ناموں میں سراج نارسی ، عامر مکھانی، عامر زیدی، ظفر اقبال، نصرت لغاری، شاہد ہاشمی، جمیل صدیقی، اور طارق حمید شامل تھے جو ہر ایک اپنی فیلڈ میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی نمایندگی کرتے ہیں۔
ہیوسٹن وفد ، پاکستانی نژاد امریکی قیادت کی بہترین نمائندگی
ہیوسٹن، جو پاکستانی نژاد امریکیوں کی ایک فعال اور بااثر کمیونٹی کا گہوارہ ہے، اس کنونشن میں بھرپور انداز سے نمایاں رہا۔ وفد میں شامل شخصیات نا صرف اپنی پیشہ ورانہ مہارت بلکہ اپنے فلاحی اور سماجی کاموں کے لیے بھی معروف ہیں۔ان کی شرکت نے نہ صرف ہیوسٹن کی ڈائسپورہ کی قوت کو اجاگر کیا بلکہ پاکستان کے ساتھ ان کے گہرے رشتے کو بھی نمایاں کیا۔
Discussion about this post