ہیوسٹن کے میزن پارک میں آئندہ چند برسوں کے دوران ایک انوکھا اور جدید فن پارہ نصب کیا جائے گا جسے آرچ آف ٹائم کا نام دیا گیا ہے۔ یہ تعمیر فنِ مجسمہ سازی، سورج گھڑی، شمسی توانائی کا جنریٹر اور عوامی پویلین کے طور پر کام کرے گی، جو بیک وقت جمالیاتی حسن اور عملی فوائد فراہم کرے گی۔ ہیوسٹن سٹی ہال میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس منصوبے کا اعلان کیا گیا، جو سالانہ تقریباً 400,000 کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا کرے گا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 20 ملین ڈالر ہے، جو مکمل طور پر نجی عطیات سے فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے میں عوامی فنڈز کا کوئی استعمال نہیں ہوگا۔ ہیوسٹن سٹی کونسل کے رکن، جواکِن مارٹینیز نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا شہر کو اب میزن پارک میں بجلی کے اخراجات برداشت نہیں کرنے پڑیں گے۔ آرچ آف ٹائم صرف ایک فن پارہ نہیں بلکہ ایک سماجی مرکز ہوگا — سورج گھڑی، اسٹیج اور عوامی جگہ جہاں خاندان پکنک منائیں گے، ہمسائے اکٹھے ہوں گے اور ہر عمر کے لوگ کھیل، تعلیم اور غور و فکر کے لیے آئیں گے۔
اطالوی فنکار اور معمار ریکارڈو ماریانو نے اس آرچ کو ہیوسٹن کے مخصوص سورج کے راستے کے مطابق ڈیزائن کیا ہے، جس کی بدولت یہ فن پارہ شہر کی ایک انفرادی شناخت بن جائے گا۔ آرچ آف ٹائم اسٹیئرنگ کمیٹی کے وائس چیئر رولینڈ گارشیا کے مطابق، اس منصوبے کے لیے شہر بھر میں 40 سے زائد مقامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں میزن پارک سب سے موزوں پایا گیا۔ اس منصوبے کی افتتاحی تقریب آئندہ دو برسوں میں متوقع ہے، جو نہ صرف ہیوسٹن بلکہ دنیا بھر کے لیے ایک پیغام ہوگی کہ فن، ماحول اور سماجی ہم آہنگی کو کس طرح یکجا کیا جا سکتا ہے۔
Discussion about this post