خیر پور ریلوے اسٹیشن کا منظر تھا ، مسافروں سے ٹرین کھچا کھچ بھری تھی ۔ چھتوں تک پر مسافر بیٹھے تھے ۔ ایسے میں دھیرے دھیرے جب ٹرین نے چلنا شروع کیا تو دروازے پر لٹکے ہوئے مسافر کا پیر پھسلا اور بس چند سکینڈز کی دیر تھی کہ وہ ٹرین کے پہیوں تلے کچل کر زندگی سے محروم ہو سکتا تھا مگر ایسے میں اسٹیشن پر تعینات پولیس اہلکار کی نگاہ اُس پر پڑی تو وہ انتہائی برق رفتاری تک اُس تک پہنچا اور ٹرین کے نیچے جاتے اس مسافر کو پوری قوت سے کھینچ کر نکالا اور یوں زندگی اور موت کی یہ جنگ زندگی نے جیتی اور ہیرو بنا پولیس اہلکار۔
وزیراعظم عمران خان کی شاباش
جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے اس گمنام ہیرو کی پذیرائی کی اور اس کی ہمت اور بہادری کے ساتھ حاضر دماغی پر کھل کر تعریف کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے بذریعہ ٹوئٹ لکھا کہ ” یہ وہ مقام ہے جہاں فرض تقدس سے ہمکنار ہوتا ہے۔ عوام الناس کی خدمت کے حوالے سے اس نوجوان سپاہی کا دکھائی دینے والا عزم قابلِ تحسین ہے ۔
سوشل میڈیا پر اہلکار کی دھوم
سوشل میڈیا پر اس جرات مند اہلکار کی تو واہ واہ ہونی تھی ۔ سندھ حکومت نے بھی سراہا ۔ اور کسی نے اہلکار کو صحیح معنوں میں ّ” سپر ہیرو ” دیا قرار۔ جس نے بجلی کی پھرتی کے ساتھ موت کے منہ میں جاتے اس مسافر کو نکالا۔
آخر یہ اہلکار کون تھا ؟
یہ ” سپر ہیرو ” خیرپور میں تعینات پولیس اہلکار جمیل احمد کلہوڑو ہے۔ جس کا کہنا ہے کہ جان بچانا ہی ہماری اولین ذمہ داری ہے، اپنے فرائض کی ادائیگی میں ہی ٹرین سے گرنے والے شخص کی جان بچائی ہے۔ پولیس اہلکار جمیل احمد کلہوڑو نے یہ بھی کہا کہ 8 محرم الحرام کو خصوصی ڈیوٹی پر ریلوے اسٹیشن پر تعینات تھا۔ ایس ایس پی خیرپور نے ہدایت کی تھی کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔ ریلوے اسٹیشن پر میں نے دیکھا کہ ایک شخص اچانک سے ٹرین سے گرگیا، میں نے اپنے فرائض کو ادا کرتے ہوئے اس شخص کی جان بچائی۔
وزیراعظم عمران خان کا ایوارڈ کا اعلان
جمیل احمد کلہوڑو کی اس جانبازی اور بہادری کو ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سراہا گیا، جنہوں نے ایک مرتبہ پھر ٹوئٹ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس فرض شناسی کا مظاہرپ کرنے پر جمیل احمد کلہوڑو کو 23 مارچ کے یوم پاکستان کے موقع پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر سورۃ المائدہ کی آیت کا ترجمہ بھی پوسٹ کیا جس کا مفہوم یہ ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔
Discussion about this post