نغمہ نگار جاوید اختر نے متنازعہ اداکارہ کنگنا رناوت پر ہتک عزت کا کیس دائر کیا ہوا ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں جاوید اختر نے ممبئی کی مقامی عدالت میں اداکارہ کے خلاف یہ مقدمہ داخل کیا تھا، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ کنگنا رناوت نے ٹی وی انٹرویو میں اُن کے خلاف نازیبا کلمات کے ساتھ ساتھ بے بنیاد الزام لگائے کہ وہ اقربا پروری کرنے والی شخصیات میں شامل ہیں۔ یہی نہیں انہوں نے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی میں بھی جاویدا ختر کا نام بلا ضرورت اور بلا جواز گھسیٹا۔ جس کے جواب میں عدالت کئی بار کنگنا رناوت کو طلب کرچکی ہے لیکن ہر بار اداکارہ ٹال مٹول سے کام لیتی رہیں۔
رواں سال فروری میں پیش ہونے کے بعد ہر پیشی میں بھی حاضر نہیں ہوئیں۔جس کے بعد انہوں نے ممبئی ہائی کورٹ میں یہ استدعا کی کہ اُن کے خلاف درج مقدمے کو خارج کیا جائے، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ دوسری جانب مقامی عدالت نے عدم پیشی پر تھک ہار کر کنگنا رناوت کے خلاف سمن جاری کیا، جس میں کنگنا رناوت کو خبردار کیا کہ اگر وہ 20ستمبر کو پیش نہ ہوئیں تو اُن کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہوجائیں گے۔ گرفتاری کے خوف سے اداکارہ عدالت پہنچیں۔ جہاں سب سے پہلے ان کے وکیل نے یہ واویلا مچایا کہ عدالت اس سارے مقدمے میں جانب داری سے کام لے رہی ہے، بار بار وارنٹ گرفتاری کا شور مچا کر ان کی موکل کو ہراساں اور پریشان کیا جارہا ہے ۔ اسی بنا پر ان کا مقدمہ کسی اور عدالت منتقل کیا جائے لیکن ایک بار پھر کنگنا رناوت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جب عدالت نے ان کی یہ درخواست بھی مسترد کردی۔
اس ساری کہانی میں اُس وقت ایک اور ڈرامائی موڑ آیا جب کنگنا رناوت کے وکیل نے جاوید اختر کے ہتک عزت کے دعویٰ پر انہی کے خلاف دھمکی دینے کا ایک مقدمہ دائر کردیا۔ کنگنا رناوت کے مطابق جب اُن کا بالی وڈ اسٹار رتھک روشن کے ساتھ تنازعہ چل رہا تھا تو جاوید اختر نے بالواسطہ طور پر انہیں دھمکی دی تھی کہ وہ رتھک روشن کے خلاف بیان بازی سے باز آجائیں اور معاملے میں خاموشی اختیار کرلیں۔ کنگنا رناوت کی درخواست کے مطابق جاوید اختر نے انہیں اور اُن کی بہن کو گھر پر بلا کر باقاعدہ طور پر دھمکی دی تھی۔ کنگنا رناوت کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس سارے معاملے میں کنگنا رناوت کی بہن گواہ ہیں، جن کا پولیس فوری طور پر بیان ریکارڈ کرے۔ دوسری جانب جاوید اختر کے ہتک عزت کے کیس کی سماعت اب 15نومبر کو ہوگی۔
Discussion about this post