پی ٹی وی کے سنیئر فنکار طلعت اقبال طویل بیماری کے باعث امریکی شہر ٹیکساس میں وفات پاگئے۔ طلعت اقبال کو چند ہفتوں پہلے بیٹی سارا کی موت کا صدمہ بھی سہنا پڑا تھا۔ جس کے بعد اُن کی طبعیت بگڑنے لگی جبھی اسپتال منتقل کیا گیا۔ طلعت اقبال پی ٹی وی کے آغاز سے اداکاری کے شعبے سے وابستہ رہے۔
طلعت اقبال کا پہلا ڈراما سیریل ’سائبان‘ ناظرین میں خاصا مقبول ہوا۔ جنہوں نے بعد میں کئی ڈراموں میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔آگ اور آنشو، انوکھی، درد، آگ اور زندگی ان کی وہ فلمیں جو سنیما گھروں کی زینت بنیں۔ وہ شبنم، بابرہ شریف، روحی بانو اور نجمہ جیسی ٹاپ کلاس اداکاراؤں کے ہیرو بھی رہے۔ اُن کی اہلیہ سنبل طلعت بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ رہیں جبکہ ایک اور بیٹی ثومی طلعت نے بھی اس فن میں قسمت آزمائی۔
طلعت اقبال کے مشہور ڈراموں میں آخری چٹان، مقدمہ کشمیر، جناح سے قائد، شکست آرزو، محور، گرفتار وفا اور کارواں نمایاں ہیں۔ طلعت اقبال طویل عرصے سے امریکا میں رہائش پذیر تھے۔
Discussion about this post