شہنشاہ جذبات دلیپ کمار جب 90کی دہائی میں موجودہ وزیراعظم عمران خان کے شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریبات میں پاکستان کے مہمان بنے تو اِن محفلوں میں سے کچھ میں معین اختر کے ساتھ عمر شریف نے بھی میزبانی کی۔ کراچی کے ہوٹل کی بالائی منزل پر سوئمنگ پول کے پاس تقریب کااہتمام ہوا۔عمر شریف اور معین اختر پہلے سے متعلقہ فلور پر موجود تھے۔ دلیپ کمار اور سائرہ بانو کو لفٹ کے ذریعے یہاں پہنچنا تھا۔ عمر شریف کا کہنا تھا کہ بالائی منزل تک پہنچتے پہنچتے لفٹ اچانک خراب ہوگئی۔ اب صورتحال یہ تھا کہ آدھی لفٹ اوپر تھی اور آدھی نیچے۔ایسے میں دلیپ کمار صاحب پھنس کر رہ گئے۔ واقعے کی اطلاع ہوٹل انتظامیہ کو دی گئی تو وہ اس کوشش میں تھی کہ کسی طرح لفٹ ذر ا سی اوپر ہو تو دلیپ کمارا ور سائرہ بانو سوئمنگ پول لابی تک پہنچ جائیں۔اسی دوران معین اختر اورعمر شریف بھی لفٹ کے پاس پہنچ گئے۔ ایسی نازک صورتحال میں بھی کامیڈی کنگ عمر شریف کو شرارت سوجھی، جبھی انہوں نے دلیپ کمار کی نقل اتارتے ہوئے بلند آواز سے انہیں مخاطب کیا کہ ’دلیپ گھبرانا نہیں۔۔ بس ہمت رکھو۔ حوصلہ رکھو۔‘ اِدھر دلیپ کمار حیران تھے کہ کون ہے جو اس مشکل کیفیت میں بھی اُن کے ساتھ مذاق کررہا ہے۔ عمر شریف بار بار صرف یہی کہتے ’دلیپ۔۔ پریشان مت ہو۔۔حوصلہ رکھو۔‘ لفٹ بھی ایسی پھنسی کہ اوپر آکر نہ دی۔
ایسے میں دلیپ کمار کہنیوں کو زمین پر ٹکاتے ہوئے بڑی دشواری کے ساتھ جھکتے ہوئے لفٹ سے باہر نکلے۔ جبکہ کچھ ایسے ہی سائرہ بانو کو بھی لفٹ سے نکالا گیا۔ باہر آتے ہی دلیپ کمار نے پہلا سوال یہ کیا کہ ’کون تھا بھئی، جو بار بار یہی کہہ جارہا تھا کہ دلیپ گھبرانا نہیں۔‘ معین اختر دبی دبی مسکراہٹ کے ساتھ خاموش رہے جبکہ عمر شریف اِدھر اُدھر ہوگئے۔ دلیپ کمار نے پروگرام کے لیے نئے کپڑے پہنے اور تقریب میں جا کر شرکت کی۔ عمر شریف کے مطابق یقینی طور پر معین اختر یا پھر کسی اور نے بتا دیا تھا کہ دلیپ کمار سے شرارت کرنے والے عمر شریف ہی تھے۔ اب جب دونوں کا اسٹیج پر آمنا سامنا ہوا تو دلیپ کمار نے عمر شریف کے کان شفقت اور پیار سے پکڑے اور بولے ’تو میاں تم تھے وہ۔۔ جو اُس مصیبت میں بھی شوخیاں کررہے تھے۔‘
عمر شریف نے برجستہ جواب دیا کہ وہ جانتے تھے کہ اُس وقت دلیپ کمار پریشان ہیں۔ انہوں نے یہ شرارت صرف اُن کا دھیان ہٹانے کے لیے کی تھی تاکہ وہ صورتحال میں صرف یہ سوچتے رہیں کہ کون اُن سے مذاق کررہا ہے۔جس پر دلیپ کمار نے عمر شریف کو گلے لگا کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
Discussion about this post