کورونا وبا کے باعث جہاں پورے بھارت میں سخت پابندیاں رہیں،وہیں سنیما گھروں کے باہر بھی تالے لگ گئے تھے۔ بھارت کی ایک بڑی آبادی جنہیں ’فرسٹ ڈے فرسٹ شو‘ دیکھنے کا چسکا لگا رہتا ہے، اس بندش کی بنا پر جیسے ان کے منہ ہی لٹک گئے تھے۔ اس دوران ویب سیریز کا کاروبار خاصا فروغ پایا اور ایک محتاط اندازے کے مطابق بھارت میں گزشتہ ڈھائی عرصے کے دوران ویب سیریز کی بڑی تعداد کی آن لائن اسٹریمنگ ہوئی۔ بہرحال ملک میں جب کورونا وبا کی صورتحال میں بہتری آنے لگی تو کئی ریاستوں میں مرحلہ وار سنیما گھر میں فلمیں کی نمائش کا بھی آغاز ہوا۔ مہاراشٹر جو بالی وڈ فلموں کا گڑھ کہلاتا ہے، جہاں ممبئی جیسا شہر ہے، جہاں بالی وڈ کے کئی چمکتے دمکتے ستارے پوری آب و تاب سے اپنی شان دکھاتے ہیں۔ اس فلمی شہر کو بڑے لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کی زد میں فلمی تقریبات ہی نہیں فلمیں بھی آئیں۔ ریاستی حکومت نے اب اعلان کیا ہے کہ وہ سنیما گھروں کو بحال کررہی ہے اور اس فیصلے نے اداکاروں کے ہی نہیں اُن کے پرستاروں کے چہرے بھی کھلا دیے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 22اکتوبر سے باقاعدہ سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش ہونے جارہی ہے۔ اس سلسلے میں پرستاروں کو انتظار ہے اکشے کمار، کترینا کیف، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ کی ایکشن ایڈونچر مسالہ مووی ’سوریا ونشی‘ کا، جسے روہیت شیٹی جیسے ہدایتکار نے تخلیق کیا ہے، جو گول مال، چنائے ایکسپریس، سنگھم اور سمبھا جیسی فلموں کی وجہ سے غیر معمولی شہرت رکھتے ہیں۔جو 5نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جارہی ہے۔
Interval hua khatam, now it’s showtime! #Sooryavanshi releasing this Diwali, 5th November at a cinema near you. Come celebrate with us. #BackToCinemas pic.twitter.com/JF2QE80Efp
— Akshay Kumar (@akshaykumar) October 15, 2021
جس کے بعد سب کو انتظار ہوگا ’بنٹی اور ببلی 2‘ کی نمائش کا جو 19 نومبر کو آئے گی۔ اسی طرح سابق بھارتی آل راؤنڈر اور کپتان کپل دیو کی عالمی کپ کی جیت پر مبنی فلم ’83‘ بھی اسی سال کرسمس کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
پاکستا ن میں سنیما گھر وں کی بحالی
پاکستان میں رواں ماہ کے دوران ہی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول نے اُن شہروں میں جہاں کورونا وبا کی صورتحال میں بہتری آئی تھی۔وہاں سنیما گھر کھولنے کی اجازت دی تھی لیکن اس بات کا پابند کیا تھا کہ سنیما مالکان ہر صورت میں صرف انہی افراد کو داخل ہونے دیں جو مکمل طور پر ویکسینیڈ ہوں۔ دوسری جانب سنیما مالکان کا شکوہ ہے کہ گزشتہ ڈھائی برس کے عرصے میں اس قدر مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ وہ اس پوزیشن میں نہیں کہ فلمیں خرید کر لگاسکیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان میں سنیما گھروں کی بحالی کے لیے کوئی ریلیف پیکج کا اعلان کرے۔
Discussion about this post