سابق سینیٹر اور خاتون اول ہیلری کلنٹن کی معاون پاکستانی نژاد ہما عابدین کی زندگی کی نشیب و فراز بیان کرتی اُن کی کتاب ’بوتھ اینڈ آ لائف ان مینی ورلڈز‘ 4نومبر کو پیش کی جارہی ہے۔
اسی کتاب کے ایک باب میں اُنہوں نے 2005میں پیش آنے والے ایک واقعہ کا ذکر بھی کیا ہے، جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ایک سینیٹر نے انہیں گھر پر مدعو کرکے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں ہما عابدین کے اس الزام کی بازگشت ہے۔ جبھی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اُن کا کہناتھا کہ جب وہ سینیٹر کے گھر گئیں تو انہوں نے اِدھر اُدھر کی باتیں کرنے کے بعد ہما عابدین کا بوسہ لینے کی کوشش کی، جس پر ہما عابدین کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے اس سینیٹر کو پیچھے دھکیلا، اُن کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ یہ کیا ہورہا ہے لیکن تمام تر ہمت جمع کرکے انہوں نے انتہائی ناراضگی کا مظاہرہ کیا۔ جس پر وہ سینیٹر گھبراہٹ کا شکار ہوا اور معافی تلافی پر اتر آیا۔
In her first television interview for @CBSSunday, Huma Abedin details an encounter where a Senator kissed her while she was an aide to then-Senator Hillary Clinton.
“I was in an uncomfortable situation with a Senator and I didn’t know how to deal with it,” Abedin tells us. pic.twitter.com/umB3bCXaPU
— Norah O’Donnell 🇺🇸 (@NorahODonnell) October 27, 2021
ہما عابدین کے مطابق بعد میں بھی وہ سینیٹر جب کسی محفل میں ملتا تو اُس واقعے پر ندامت محسوس کرتا لیکن وہ سمجھتی ہیں کہ اُنہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔ ہما عابدین کا کہنا ہے کہ یہ اُن کی زندگی کا سب سے زیادہ خوف ناک تجربہ تھا، جس کا سوچ کر ہی وہ کانپ جاتی ہیں۔ وہ10سکینڈز چاہتی ہیں کہ اُن کی زندگی سے نکال باہر کیے جائیں۔ ہما عابدین نے انٹرویو اور کتاب میں اُس سینیٹر کا نام ظاہر نہیں کیا جنہوں نے اُن کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی تھی، وہ کہتی ہیں کہ اُس سینیٹر سے آج بھی اچھے دوستانہ مراسم ہیں۔
ہما عابدین کون ہیں؟
ہما عابدین کے والد بھارتی جبکہ والدین پاکستانی ہیں۔ اُن کے والد زین العابدین بھارتی مصنف رہے ہیں۔ اسی طرح والدہ صا لحہ محمود عابدین مختلف اخبارات کی کالم نویس رہی ہیں۔ والدین کی علیحدگی کے بعد اُنہوں نے تعلیمی سلسلہ جاری رکھا۔ 1996میں وائٹ ہاؤس میں انٹرن کی ذمے داری نبھائی اور پھر 1996سے 2008تک ہیلری کلنٹن کی معاون رہیں۔
وہ اس وقت ہیلری کلنٹن کی ٹیم میں چیف آف اسٹاف کے عہدے پر کام کررہی ہیں۔ 10جولائی 2010کو انہوں نے امریکی نمائندے انتھونی وینئر سے شادی کی لیکن 2016میں شوہر کے جنسی اسکینڈل کے منظرعام پر آنے کے بعد اُن سے الگ ہوگئیں اور پھر 2018میں انتھونی سے طلاق بھی لے لی۔ ہما عابدین کا ایک بیٹا ہے جبکہ وہ ہیلری کلنٹن کی انتہائی قریبی معاون تسلیم کی جاتی ہیں۔
Discussion about this post