پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن صرف49رنز پر 4میزبان بلے بازوں کے آؤٹ ہوجانے کے بعد امید تو یہی تھی کہ پاکستانی بالرز بنگلہ دیشی ٹیم کو 200کے اندر ہی آؤٹ کرلیں گے۔شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، فہیم اشرف اور ساجد خان کھیل پر بری طرح چھائے ہوئے تھے اور ان کے سامنے کسی بنگلہ دیشی بلے باز کی چل نہیں رہی تھی لیکن پھر مشفق الرحیم اور لنٹن داس نے وہ کردکھایا، جس کی توقع پاکستانی بالرز کو بھی نہیں تھی۔
کھیل کے 2سیشن کے دوران ایک وکٹ بھی نہیں گری اور دونوں بلے بازوں کے درمیان اب تک 204رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوچکی ہے۔ جس میں لنٹن داس کی شاندار سنچری بھی شامل ہے۔ یہ لنٹن داس کی کیرئیر کی پہلی ٹیسٹ سنچری ہے جبکہ منجھے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم 82رنز پر کھیل رہے ہیں اور دھیرے دھیرے اپنی 8ویں سنچری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
کھیل کا اختتام ہوا تو بنگلہ دیش نے ابتدائی 4وکٹیں کھو کر 253رنز بنالیے ہیں۔ بظاہر پہلے دن داس اور مشفق الرحیم ہی چھائے رہے۔ پاکستان نے اس ٹیسٹ میچ میں عبداللہ شفیق کو بطور اوپنر ٹیسٹ کیپ دی ہے جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے امیر علی پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ چٹاگانگ کے اس ٹیسٹ میں ٹاس بنگلہ دیش نے جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
Discussion about this post