آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق مالی وجوہات کی بنا پر رواں سال افغانستان کے خلاف متعدد فارمیٹ کی سیریز منسوخ کردی ہے۔ ویسٹ انڈیز مئی جون میں آئرلینڈ میں 6 محدود اوورز کے میچز کھیلے گا جس کے بعد انگلینڈ ستمبر میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پہنچے گا۔ اس سیریز کے بعد آئرلینڈ کو جولائی میں ایک ٹیسٹ،3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے افغانستان کی میزبانی کرنی تھی۔ لیکن اب یہ سیریز مالی وجوہات کی بنا پر نہیں ہوگی۔ آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق وہ ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے لیے سرمایہ کاری کرے گا۔آئرش حکومت نے اگست 2024 میں اعلان کیا تھا کہ وہ ڈبلن کے قریب بلانچرڈ ٹاؤن میں نیشنل اسپورٹس کیمپس میں ایک اسٹیڈیم تعمیر کرے گی، جہاں 2030 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھی ہوں گے، جس کی میزبانی آئرلینڈ انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر کرے گا۔
Discussion about this post