پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ پر حملہ ہوا ہے، غیر قانونی آئینی ترامیم کے خلاف آواز اٹھائیں گے، یہ اپنی مرضی کے ججز تعینات کر کے مرضی کے فیصلے کریں گے۔ مبارک زیب نے بانی پی ٹی آئی کی تصویر لگا کر پارٹی کے ساتھ غداری کی، احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ جنہوں نے بانی پی ٹی آئی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ان کو پارٹی سے نکالیں گے، ووٹ بیچنے والوں کے نام سامنے آئے ہیں، آج شوکاز جاری کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دفعہ ایک اور احتجاج کا پلان بنا رہے ہیں، احتجاج پورے ملک میں ہوگا، ورکرز متحد ہیں۔ پُرامن رہنا ہے سیاسی تحریک ہے سیاسی طریقے سے چلے گی، آنسو گیس اور ہر طرح کی فسطائیت کا مقابلہ کرنا آسان نہیں، پورے پاکستان کو بلاک کریں گے۔ علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ احتجاج کے لیے ہر طرف سے اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ میٹنگ ہونی ہے، احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک قابض حکومت سے جان نہیں چھڑا لیتے۔
Discussion about this post