ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد امریکی پولیس کانسٹیبل اور شہرت یافتہ بزنس مین نے 16 جون 2024 کو کیا گیا ایک اہم وعدہ پورا کردکھایا۔ جب انہوں نے اپنی کانسٹیبل کی 100 فیصد تنخواہ فورٹ بینڈ کاؤنٹی کی فلاحی تنظیموں کو عطیہ کر دی۔ یہ اقدام اُن کی عوامی خدمت کے جذبے اور معاشرے کی بہتری کے لیے اُن کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ علی شیخانی نے پہلے 3 ماہ کی تن خواہ امریکی فلاحی تنظیموں کو عطیہ کی تو اس موقع پر تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔
جنوری سے مارچ تک، ایک منتخب عہدیدار کے طور پر حاصل کی گئی اُن کی تنخواہ درج ذیل 6 نمایاں فلاحی تنظیموں کو دی گئی جو مقامی افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہی ہیں
- چائلڈ ایڈووکیٹس آف فورٹ بینڈ
- دی آرک آف فورٹ بینڈ
- فورٹ بینڈ پاز
- امریکن لیجن پوسٹ #942
- ہسپانک ہیریٹیج الائنس (H2A)
- فیملی لائف اینڈ کمیونٹی ریسورسز سینٹر
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی شیخانی نے اعلان کیا کہ وہ اپنے عہدے کی چار سالہ مدت کے دوران ملنے والی 6 لاکھ امریکی ڈالرز کی مجموعی تنخواہ جو کہ 11 کروڑ پاکستانی رپے سے زائد بنتی ہے امریکہ کی 100 سے زائد فلاحی تنظیموں میں تقسیم کریں گے۔ کمیونٹی کی خدمت صرف بیج پہننے کا نام نہیں، بلکہ ہر ممکن طریقے سے کچھ واپس لوٹانے کا جذبہ بھی ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ان شاندار اداروں کی مدد کرنے پر فخر ہے جو فورٹ بینڈ کاؤنٹی کے شہریوں کی زندگیوں میں حقیقی فرق ڈال رہے ہیں۔ علی شیخانی، فورٹ بینڈ کاؤنٹی پریسنکٹ 3 کے منتخب کانسٹیبل ہیں۔ وہ عوامی تحفظ اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ اپنی مکمل تنخواہ عطیہ کرنے کا حالیہ اقدام اُن کے عوامی خدمت کے پختہ عزم کی واضح مثال ہے۔
Discussion about this post