کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے علی زیدی کو 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔ وکیل کامران بلوچ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مدعیٔ مقدمہ ملک سے باہر ہیں، عدالت سے باہر سیٹلمنٹ ہو چکی ہے۔ علی زیدی کو انسانی ہمدردی کے تحت ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے آج عدالت میں علی زیدی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع سے متعلق تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں 30 اپریل تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ علی زیدی کے خلاف ابراہیم حیدری تھانے میں فراڈ اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج ہے۔
Discussion about this post