پاکستان بحریہ کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھارتی حلقوں میں سخت اضطراب اور بوکھلاہٹ کا سبب بن رہی ہیں۔ ’’امن 2025‘‘ میں 60 سے زائد ممالک کی شمولیت جہاں ایک تاریخی لمحہ ہے، وہیں بھارت کی جانب سے اس کامیابی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں خود اس کی شرمندگی کا باعث بن رہی ہیں۔ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ پاک بحریہ کی جانب سے مسلسل بین الاقوامی مشقوں میں شرکت اور دوستانہ دوروں نے نا صرف عسکری میدان میں پاکستان کے وقار کو بلند کیا بلکہ عالمی سطح پر تعاون کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ پی این ایس ’’اصلت‘‘ کا حالیہ کولمبو دورہ، سری لنکن بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقیں اور دیگر فعال روابط اس مضبوط شراکت داری کا عملی مظہر ہیں۔ بھارتی میڈیا نے من گھڑت دعویٰ کیا کہ پاک سری لنکا بحری مشق منسوخ کر دی گئی ہے، لیکن سری لنکن وزارت دفاع نے ان افواہوں کی نا صرف سختی سے تردید کی بلکہ واضح الفاظ میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔’’امن 2025‘‘ میں سری لنکن بحریہ کی پرجوش شرکت نے بھارتی میڈیا کی بے بنیاد اور مبالغہ آرائی پر مبنی خبروں کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔ یہ شرکت اس امر کی دلیل ہے کہ پاکستان اور سری لنکا نہ صرف بحری سلامتی کے مشترکہ اہداف رکھتے ہیں بلکہ ان کی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔
Discussion about this post