وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا یورپی یونین سے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کا مطالبہ ملکی سالمیت کے خلاف بدترین سازش ہے، پی ٹی آئی اپنے سیاسی فائدے کے لیے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا رہی ہے اور چاہتی ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے انٹرنیٹ پر آن لائن پٹیشن کے ذریعے یورپی یونین کو کہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیا جائے کیوں کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات نہیں دی جارہی۔ پی ٹی آئی کی طرف سے یہ پہلی بار نہیں ہوا، ماضی میں آئی ایم ایف سے ڈیل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان اور قومی مفاد کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، معیشت میں بہتری کے لیے حکمت عملی کے ساتھ اقدامات لیے جارہے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف روز 3 سے 4 میٹنگز صرف معیشت کے اوپر کرتے ہیں، ان کی تمام تر توجہ اس پر مرکوز ہے کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔
Discussion about this post