قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی بنادی جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ محمد اسلم بھوتانی کمیٹی کے چیئرمین مقرر کر دیے گئے جبکہ دیگر ارکان میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، چوہدری محمد برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر شامل ہیں جبکہ سید حسین طارق، ناز بلوچ، خالد حسین مگسی، وجیہا قمر اور ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔ کمیٹی تحقیقات کے سلسلے میں کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد حاصل کرسکتی ہے اور کمیٹی اپنی تحقیقات کرکے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ یاد رہے کہ چند دن قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کا انتخابی ٹکٹ دلانے کے بدلے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا تقاضا کر رہے ہیں۔
Discussion about this post