بنگلہ دیش میں آج کئی دنوں کی بندش کے بعد اسکول کھل گئے لیکن طالب علم ابھی تک تعلیمی اداروں کا رخ نہیں کررہے۔ بنگلہ دیشی فوج نے کرفیو اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب ریلوے سروسز غیر معینہ مدت کے لیے معطل اور گارمنٹ فیکٹریاں بھی بند تھیں۔ جو اب دھیرے دھیرے کھلنا شروع ہورہی ہیں۔ کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد پیر کو وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج کے سربراہ جنرل وقار الزماں کی بیوی رشتے میں حسینہ واجد کی کزن ہیں۔ جنرل وقار کے سسر جنرل محمد مستفیض مرحوم، شیخ مجیب الرحمن کے رشتہ دارتھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حسینہ واجد نے جلا وطنی کے بعد نئی دہلی کے قریب بھارتی فضائیہ کے بیرکس میں پہلی رات گزاری۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ بہت جلد برطانیہ کا رخ کریں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال پر بھارتی حکومت نے آل پارٹیز اجلاس طلب کرلیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ اجلاس میں بنگلادیش کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
Discussion about this post