اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ بلاول بھٹو کو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ ملا ہے لیکن یہ وزارت خارجہ کے ذریعے نہیں آیا اس لیے اس پر بات نہیں کریں گے، صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں پاکستانی سفیر شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان 15 جنوری کو ہونے والے غزہ جنگ بندی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتا ہے، امید کرتے ہیں کہ یہ جنگ بندی مستقل بنیادوں پر ہو۔ 10 جنوری کو پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کا جائزہ اجلاس بیجنگ میں ہوا۔افغانستان میں بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان ایک خودمختار ملک ہے اور کسی کے ساتھ بھی تعلقات رکھ سکتا ہے۔
Discussion about this post