یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کے بعد ایجنٹس کے خلاف مقدمہ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ میں درج کرلیا گیا ہے۔ اس مقدمے کی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے۔ جبکہ انسانی اسمگلرز کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن بھی شروع کردیا گیا ہے۔ آج ملک بھر میں اس حادثے پر سوگ منایا جارہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جان سے جانے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں چار رکنی اعلیٰ سطحی کی تحقیقاتی کمیٹی بھی بنادی گئی ہے۔ دوسری جانب ترجمان پاکستان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اب تک 12 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور وزیراعظم نے یونان میں پاکستانی سفارت خانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت جاری کی ہیں۔ یاد رہے کہ یونان کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے جاں بحق ہونے والوں میں سے 27 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی جبکہ 50 سے زائد پاکستانی لاپتا ہیں۔
Discussion about this post