کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کی ہدایت پر پنک بسز کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس لیے 19اپریل سے کراچی میں پنک بسز کے 2 نئے روٹس کا آغاز کیا جائے گا۔ اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی کے لیے فری شٹل سروس چلائی جائے گی جبکہ میر پور خاص میں 20 اپریل کو پیپلز بس سروس کا آغاز ہورہا ہے
۔ اس موقع پر کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت کچے کے علاقے میں آپریشن چل رہا ہے، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ آج بھی کچے کے علاقوں میں ہیں، 13 مغویوں کو گزشتہ 15 دنوں میں بازیاب کرایا گیا ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں اپریل میں 11 اسٹریٹ کرمنل پولیس مقابلے میں مارے گئے اور 60 کرمنل زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، اسٹریٹ کرائم پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ صوبائی وزیر کے مطابق منشیات کا مسئلہ پورے پاکستان میں ہے، کرسٹل اور آئس خطرناک نشہ ہے۔ اس لیے تمام والدین سے گزارش ہے کہ بچوں کے رویوں اور دوستوں پر نظر رکھیں۔
Discussion about this post