اسلام آباد کی کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بلڈنگ قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تحریک انصاف کے اسلام آباد سیکرٹریٹ کو سیل کردی۔ سی ڈی اے حکام نے اسلام آباد پولیس کی نگرانی میں رات گئے جی8 سیکٹر میں کارروائی کی اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کر دیا۔سی ڈی اے کے مطابق کارروائی تجاوزات کے قیام اور عمارت کے غیر متعلقہ استعمال پر کی گئی ہے جس میں بھاری مشینری نے حصہ لیا اور سینٹرل سیکریٹریٹ کے ارد گرد رکھے کنٹینرز، سیکیورٹی بیریئرز اور دیگر مبینہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ سی ڈی اے کے مطابق یہ عمارت سرتاج علی نامی شخص کے نام ہے جسے رہائشی عمارت سے سیاسی دفتر میں بدلا گیا جس پر متعلقہ مالک کو بارہا نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں تاہم قانون پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سی ڈی اے کے مطابق 4 ستمبر2023 کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جبکہ 10مئی کو پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن عمل میں لایا گیا ہے۔تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے مہم بلا تفریق شہر بھر میں جاری رہے گی۔
Discussion about this post