میاں داؤد ایڈوکیٹ کی طرف سے سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر ریفرنس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید کو فریق بنایا گیا ہے۔ ریفرنس کے مطابق چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے پارلیمنٹ کے منظورکردہ بل کو سماعت کیلئے مقرر کر کے اختیارات سے تجاوز کیا اور غیرآئینی طور پر8 رکنی بنچ تشکیل دیا۔ چیف جسٹس درخواستوں کی سماعت کیلئے بنچ کی خود سربراہی کر کےمس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے۔ سپریم کورٹ کے 8ججز خود کو مقدمات پر اثررسوخ استعمال کرنے کیلئے اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب ہوئے۔ ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل چیف جسٹس عمر عطابندیال سمیت 8ججز کو تحقیقات کے بعد برطرف کرنے کا حکم دے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھی ریفرنس کی کاپی بھجوائی گئی ہے۔
Discussion about this post