پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔ ۤآغاز میں فورم نے شہدا کے ایصال و ثواب کےلیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے اسلام آباد میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں میں جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یہی نہیں ملکی امن و استحکام کےلیے شہدائے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں اس بات کے عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیاسی و مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فورم نے کشمیری عوام کےلیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
فورم نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے دشمن قوتوں کی ایماء پر کام کرنے والے دہشت گردوں کو بےاثر کرنے کا عزم کیا۔ فورم نے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بےاثر کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔شرکاء کانفرنس نے کہا کہ بیرونی عناصر کی مدد سے کیے گئے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔فورم کا کہنا تھا کہ سیاسی و مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
Discussion about this post