انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی کی مجموعی صورتِ حال اور انسدادِ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے، پاک فوج مادرِ وطن کی حفاظت کا فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔ آرمی چیف نے پہلی مرتبہ منعقدہ قومی ورکشاپ خیبر پختون خوا کے شرکا سے بھی خطاب کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کے برے عزائم کو جامع حکمتِ عملی کے ذریعے ناکام بنایا جارہا ہے۔ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا فیصلہ حکومت نے ملک کے وسیع تر مفاد میں کیا، انہیں باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔
Discussion about this post